اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی ضمانت کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔ خورشید شاہ کے وکیل کے دلائل پر جسٹس عمر عطا بندیال نے دریافت کیا کہ اس معاملے میں ہارڈ شپ کب ہوئی‘ کیا خورشید شاہ قید تنہائی میں ہیں؟ میرٹ پر پہلے بھی سنا جا چکا ہے۔ عدالت نے کہا کہ نیب نے 4 جون کو 2 ہفتے میں خورشید شاہ کے خلاف سپلیمنٹری ریفرنس دائر کرنے کی یقین دہانی کرائی تاہم اب تک سپلیمنٹری ریفرنس دائر نہیں کیا گیا‘ اب تک 44 میں سے صرف 5 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔خورشید شاہ 2 سال سے قید میں ہیں‘ وکیل درخواست گزار مخدوم علی خان نے کہا سندھ ہائی کورٹ نے27 جولائی کو خورشید شاہ کی ضمانت کا کیس خارج کیا ہے۔