سکھر (نمائندہ جسارت) کلچر کمپلیکس سکھر میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے کورونا سے بچائو کا ویکسینیشن سینٹر قائم کردیا گیا، جس کا افتتاح ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے کیا۔ اس موقع پر اے ڈی سی ون سکھر عدنان راشد، اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی رانا محمد عمر، ڈی ایچ او سکھر ڈاکٹر جمیل احمد مہر، ڈپٹی ڈائریکٹر کلچر امتیاز علی میمن، ویکسی نیشن سینٹر انچارج ڈاکٹر راول اور دیگر انتظامی افسران اور معززین بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے کلچرل کمپلیکس سکھر نزد ڈی سی آفس میں کورونا ویکسینیشن سینٹر کے افتتاح کے بعد سینٹر کے استقبالیہ، رجسٹریشن کائونٹر، انتظارگاہ، چیک اپ روم اور ویکسینیشن ایریا کا معائنہ کرتے ہوئے عملے اور ڈاکٹرز سے معلومات حاصل کیں اور ان پر زور دیا کہ ویکسی نیشن کیلیے آنے والے شہریوں سے بہتر رویہ اختیار کیا جائے اور ماحول کو بہتر بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ ویکسی نیشن کرکے قوم و ملک کو اس وبا سے نجات دلائی جاسکے۔ انہوں نے سکھر کے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قوم سمیت اپنے اور اپنے پیاروں کی زندگی کیلیے اہل خانہ سمیت کورونا سے بچائو کی ویکسین کروائیں۔ ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے کہا کہ ضلع سکھر کے تمام رورل ہیلتھ سینٹرز سمیت ویکسی نیشن سینٹرز پر وافر مقدار و تعداد میں ویکسین دستیاب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کلچر کمپلیکس میں انتظارگاہ سمیت دیگر سہولیات دی گئی ہیں خواتین کو ویکسین کرنے کیلیے لیڈی اسٹاف مقرر کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اپنے فیملیز سمیت اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔ ڈی ایچ او سکھر ڈاکٹر جمیل احمد مہر نے بتایا کہ ضلع سکھر میں اس وقت تک 2لاکھ ویکیسینیشن کی جاچکی ہیں اور یہ عمل تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کہیں بھی ویکسین کی قلت نہیں ہے حکومت سندھ کی جانب سے حال ہی میں 25ہزار ویکیسین پہنچی ہیں، کلچر کمپلیکس میں شہریوں کی سہولیت کیلیے سینٹر قائم کیا گیا ہے جہاں پر 20سے 25ڈاکٹرز و طبی عملہ مقرر ہے اس سینٹر میں روزانہ تین سے پانچ ہزار ویکیسن کی جا سکتی ہے۔