لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کی تحصیل ڈوکری کے نواحی گاؤں طیب ملاح میں دھماکے خیز مواد پھٹنے سے سے ایک گھر کے پانچ بچوں اور دو خواتین سمیت 10 افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں طیب ملاح ان کی اہلیہ زرینہ خاتون، 11 سالہ بچی بی بی ملاح، 13 سالہ بیٹا نثار احمد، 18 سالہ بیٹا محبوب ملاح، 23 سالہ شہزادو ملاح ان کی اہلیہ نسیم خاتون، 10 سالہ بچہ پیارو اور 9 ماہ کے بچے کامران سمیت 10 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ورثہ کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج دو بچوں کی والدہ نسیم خاتون ملاح دم توڑگئیں جبکہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد دی گئی، چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات میں سہولیات کے فقدان کے باعث زخمیوں کو لگائی گئی ڈرپس اسٹینڈ تک میسر نہیں تھی اور زخمیوں کے لواحقین ڈرپس ہاتھوں میں تھامنے پر مجبور ہوگئے، پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ بچے دریا پر گئے جہاں سے انہیں بال نما چیز ملی جو وہ گھر لے آئے جس دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں واقعہ پیش آیا ہے تاہم مزید واقعے کی تفتیش جاری ہے، دوسری جانب ایس ایس پی لاڑکانہ عمران قریشی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا جن کی جانب سے شواہد اکھٹے کیے گئے۔ اس موقع پر ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ واقعہ کی مختلف رخوں سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ فی الحال کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا، پولیس کی جانب سے تفتیش کی جارہی ہے کہ کس چیز سے دہماکہ ہوا ہے اور وجہ کیا تھی، دوسری جانب جان بحق خاتون کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثہ کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔