کے پی ایل ، راولاکوٹ ہاکس نے فائنل میں جگہ بنا لی

430

 

مظفر آباد(سید وزیر علی قادری )کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے ناک آئوٹ میچ میں غلطی کی گنجائش نہیں مگر ٹاس کے وقت راولا کوٹ ہاکس کے کپتان شاہدآفریدی میرپور رائلز کو بیٹنگ دینے کی غلطی کر بیٹھے۔ شرجیل خان اور مختار احمد نے اس فیصلے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے 7 اوورز میں 74 رنز بنا دیے۔ اسی اوور کیآخری گیند پر شاہد آفریدی نے مختار احمد کو اسٹمپڈ کروایا جنہوں نے 17گیندوں پر 4 چوکے لگاتے ہوئے 21رنز بنائے۔ کپتان شعیب ملک اس مرتبہ زیادہ دیر وکٹ پر قیام نہ کرسکے اور ایک چوکا اور چھکا لگاتے ہوئے 15رنز کے ساتھ زمان خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ جارحانہ انداز کے حامل شرجیل خان نے ایسے وقت یادگار اننگز کھیلی جب ان کی ٹیم کو سب سے زیادہ ضرورت تھی۔ شرجیل خان نے 46گیندوں پر کشمیر پریمیئر لیگ کی تیز ترین سنچری مکمل کی اور پھر یہیں اکتفا نہیں کیا بلکہ آخری اوور میں آئوٹ ہونے سے قبل صرف 63گیندوں پر 12چوکے اور 12چھکے لگاتے ہوئے 141رنز کی ہنگامہ خیز اننگز کھیلی۔محمد اخلاق نے 21 گیندوں پر دو چوکے اور 2 چھکے لگاتے ہوئے 29رنز بنائے۔ میرپور رائلز نے بیس اوورز میں 236/4 کا ریکارڈ مجموعہ حاصل کرلیا۔ زمان خان نے دو کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔راولاکوٹ ہاکس کو فائنل تک رسائی کیلیے کشمیر کے پہاڑوں سے بھی بلند ہدف حاصل کرنا تھا اور ابتدائی اوورز میں ہاکس کی پرواز بھی اونچائیوں کو نہ چھو سکی۔ زخمی احمد شہزاد کی جگہ اننگز کی ابتدا کرنے والے عمر امین پہلی ہی گیند پر ثمین گل کی بولنگ پر وکٹ کیپر محمد اخلاق کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ بسم اللہ خان (15) نے ایک چھکا ضرور لگایا مگر وہ جلد ہی مختاراحمد اور عماد بٹ کے گٹھ جوڑ کا نشانہ بن گئے۔ پاورہٹنگ کیلیےآنے والے عمران رندھاوا(13) بھی 11 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے جنہوں نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ چوتھے اوور میں 34/3 پر کاشف علی اور حسین طلعت کی جوڑی وکٹ پر یکجا ہوئی تو نہ صرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ رک گیا بلکہ 65 رنز کی شراکت نے امیدوں کے چراغ بھی جلا دیے۔ حسین طلعت کی جارح مزاجی اپنے عروج پر تھی جنہوں نے 22گیندوں پر 7 چوکے اور دو چھکے لگاتے ہوئے 51 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ آغا سلمان کی گیند پر مختار احمد کے کیچ نے حسین طلعت کو حیرت زدہ کرتے ہوئے 119 کے اسکور پر پویلین روانہ کردیا۔آخری دس اوورز میں جیت کیلیے119رنز درکار تھے مگر دانش عزیز (6)جلد ہی کاشف علی کا ساتھ چھوڑ گئے۔ شاہد آفریدی نے میدان میں قدم رکھتے ہی جارحانہ انداز اپنا لیا جس کی بدولت پندرہ اوورز میں راولاکوٹ ہاکس 170تک پہنچ گئی۔ سولہویں اوور میں 17رنز کا اضافہ ہوا تو میرپوررائلز کے بولرز کے اوسان خطا ہونا شروع ہوگئے۔ اگلے اوور کی پہلی ہی گیند پر شاہد آفریدی تین چوکوں کیساتھ 19رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے مگر نوجوان کاشف علی جیت اور میرپور رائلز کی راہ میں دیوار بن چکا تھا۔ صرف 51 گیندوں پر نو چوکے اورآٹھ زوردار چھکے لگانے والے کاشف علی نے 114رنز کی یادگار اور فتح گر اننگز کھیلتے ہوئے بیسویں اوور کی چوتھی گیند پر 237/6کے اسکور کے ساتھ راولاکوٹ ہاکس کو فائنل میں پہنچا دیا۔ میرپوررائلز کی جانب سے عماد بٹ نے 3 اور ثمین گل نے 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔