الخدمت کا سانگھڑ کے عوام کو یوم آزادی پر فلٹر پلانٹ کا تحفہ

400
سانگھڑ: الخدمت فاﺅنڈیشن کے تحت مین کیانی روڈ پر واٹر فلٹر پلانٹ کا افتتاح کیا جارہاہے

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) الخدمت فاو¿نڈیشن نے یوم آزادی کے موقع پر اہلیان مین کیانی روڈ سانگھڑ کو واٹر فلٹر پلانٹ کا تحفہ دے کر جشن کی خوشیوں میں چار چاند لگا دیے عرصہ دراز سے صاف پانی کی اہل علاقہ کو ضرورت تھی جسے الخدمت فاونڈیشن نے پورا کیا فلٹر پلانٹ کا افتتاح جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے صوبائی صدر فرہاد گل نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ سہون کے ایس ایس پی اشتیاق احمد آرائیں سمیت 3ڈی ایس پیز نے بھی اس افتتاحی تقریب میں اعزازی شرکت کی جبکہ سانگھڑ کی معروف کاروباری شخصیات صدر فیڈریشن آف کامرس ماسٹر شیر محمد، نائب صدر حاجی یامین لالو قریشی نے الخدمت فاو¿نڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کو سراہا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ محمد رفیق منصوری نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ذمے داری ہے کہ وہ شہریوں کے لیے صاف پانی، بنیادی ضروریات و سہولیات کا انتظام کرے مگر بدعنوان اور کرپٹ حکمران ملک لوٹنے میں مصروف ہیں عوام بے یار ومددگار ہےں وسائل سے مالامال پاکستان کی سرزمین کے شہری بنیادی سہولیات کے لیے دربدر ہیں، الخدمت فاو¿نڈیشن نے محدود وسائل سے صاف پانی اور دیگر سہولیات کا انتظام کیا ہے ، اللہ پاک نے موقع دیا اور عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو ان شا اللہ خدمت کی اعلی مثال قائم کرینگے اس لیے صالح اور دیانتدار قیادت کا انتخاب کریں ۔ تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے جماعت اسلامی یوتھ ونگ ضلع سانگھڑ کے صدر محمد سہیل ہنجرہ نے کہا کہ آج کا نوجوان بے راہ روی کا شکار ہے ہم نوجوانوں کو متحد کرنے کے لیے میدان میں اترے ہیں دور حاضر کے چیلنجزسے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کا کردار اہم ہے ۔اس موقع پر نائب امیر وسابق جنرل کونسلر سانگھڑمحمدطفیل راجپوت ،جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے نائب قیم راجاوسیم احمد، الخدمت فاو¿نڈیشن کے ذمے داران محمد ابراہیم لغاری ،راجا راشد اصغر، سجاد احمد بڑدی اور عمران شیخ کے علاوہ الخدمت کے کارکنوں، سیاسی وسماجی شخصیات نے بھی شرکت کی۔