سکھر،میونسپل کارپوریشن کی نااہلی ،شہری مضر صحت پانی پینے پر مجبور

191

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر ڈیولپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن نے محرم الحرام میں بھی پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کے باعث شہری مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں۔ نیوپنڈ، آدم شاہ کالونی، قریشی گوٹھ،پرانہ سکھر، مائیکرو، سمیت دیگر علاقوں میں قلت آب کے باعث شہری دور دراز علاقوں سے پانی بھرنے پر مجبور ہیں،انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کیے گئے اس کے باوجود آج بھی شہری انتہائی گندا اور بدبودار پانی پینے پر مجبور ہیں جس کے باعث شہری تیزی سے موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں، میونسپل کارپوریشن انتظامیہ فوری طور پر اپنی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے بصورت دیگر اس کے خلاف بھرپور احتجاج کا آغاز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا ا ظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ایس ڈی اے رہنمائوں مولانا عبیداللہ بھٹو، غلام مصطفی پھلپوٹو، آغا طاہر مغل،شکیل قریشی، محمد رضوان قادری، شہزادو بھٹو، عیدن جاگیرانی،شاہ محمد انڈھڑ، حافظ محمد شریف ڈاڈا، عبدالباری انصاری، آغا محمد اکرم درانی، محمد منیر میمن، ڈاکٹر سعید اعوان امداد جھنڈیر، وقار سومرو،حمید شیخ،کامریڈ امام الدین، نعیم بلوچ، حسن شہید، انیس خان، ڈاڈو ابڑو، و دیگر سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلیے حکومت، منتخب نمائندوں، اور انتظامیہ کی جانب سے بلند و بانگ دعوے تو کیے گئے اورکاغذی کارروائیاں مکمل کر کے اربوں روپے کے فنڈز بھی حاصل کیے گئے لیکن اس کے باوجود شہریوں کو صاف پانی کا ایک قطرہ بھی فراہم نہیں کیا جاسکا مضرصحت پانی کی فراہمی کی وجہ سے شہری تیزی سے پیٹ کی خرابی، ہیضے، پھیپڑوں کی بیماریوں سمیت مختلف امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں، جبکہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں بھی شہر کے بیشتر علاقوں میں پانی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، شہری ہاتھوں میں برتنے اٹھائے دور دراز علاقوں سے پانی بھر کر لانے پر مجبور ہیں اس کے باوجود شہر کے منتخب نمائندے اور انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو پانی کی فراہمی کیلیے کوئی بھی اقدامات نہیں اٹھائے گئے جوکہ منتخب نمائندوں، انتظامیہ اور سکھر میونسپل کارپوریشن کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر ایس ڈی اے کی جانب سے بھرپور احتجاجی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ جس کی تمام تر ذمہ داری منتخب نمائندوںا ور سکھر میونسپل کارپوریشن کے افسران پر عائد ہوگی۔