امریکا کی شکست افغان عوام اور عالم اسلام کی کامیابی ہے،سراج الحق

174
لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کررہے ہیں

لاہور ( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ امریکی شکست افغان عوام اور عالم اسلام کی کامیابی ہے ۔ امید ہے کہ امریکہ افغانستان سے نکلنے کے بعد اب کسی بھی ملک پر چڑھائی نہیں کرے گا ۔اب تک طالبان نے جو اعلانات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں ۔ طالبان کا پرامن رہنا، مخالفین سے انتقام نہ لینا ، سفارتکاروں اور غیر ملکیوں کو تحفظ اور عام معافی دینے کے اعلان کی موجودہ دنیا میں مثال نہیں ملتی ۔ افغان عوام نے ہمیشہ بڑی طاقتوں کو شکست دی ہے۔ ان میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ خود اپنے ملک کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کر سکتے ہیں ۔ پی ٹی آئی کے سونامی کے ذریعے عوام کے حصے میں صرف ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی غلامی آئی ۔حکمرانوں کی اللہ سے بے خوفی دنیا میں بے انصافی ، بے رحمی ، خیانت کاری ساری اخلاقی برائیوں کی جڑ ہے ۔ عوام جماعت اسلامی کو ووٹ کے ذریعے اپنے اختیارات دیں تاکہ قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے بعد ان کے حقوق ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچیں ۔ ملک میں سید ناعمر فاروق ؓ کا نظام لانے کے لیے اب عوام موقع دیں ۔کارکنان نئے عزم اور جذبے کے ساتھ ہر گھر اور ہر فرد تک پیغام پہنچائیں کہ جماعت اسلامی سب سے بہتر اور واحد آپشن ہے جو ان کے حالات میں تبدیلی لاسکتی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہاکہ افغانستان میں تیسری بار عالمی قوتوں کی شکست نے کشمیر و فلسطین کی آزادی کے خواب کو مزید تقویت دی ہے ۔ وہ دن دور نہیں جب وہاں آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی تین سالہ حکومت میں مہنگائی ، بے روزگاری اور بدامنی نے عوام کا جینا محال کر دیاہے ۔ بے روزگاری کی شرح میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہاہے ۔ آخر بائیس کروڑ عوام کب سکھ کا سانس لے گی۔ سودی نظام نے ملک کی یہ حالت کردی ہے کہ ایک خوشحال زندگی گزارنا عوام کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیاہے۔ آئے روز کراچی میں شہریوں کی جان و مال کا نقصان ہونا حکومت کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ گزشتہ رات کراچی میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے امیر جماعت کا کہنا تھاکہ دہشتگرد ی کی اس واردات کے مرتکبین کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ، حکومت مذمتی بیان کے علاوہ عملی اقدامات بھی کرے ۔ملک میں امن وامان قائم کرنا حکومت کی اہم ذمہ داری ہے جس میں حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔اڑتالیس گھنٹوں کے اندر اندردہشتگردوں کو گرفتار کیا جائے اور ان کو سخت سے سخت سزا دی جائے ۔