کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں دہشتگرد واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بدترین بربریت ہے، شہرِ قائد میں امن و امان کو سبوتاژ کرنے نہیں دیں گے، کراچی میں امن کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کے روز سوشل میڈیا پر جاری بیان کے وقت حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
پی پی پی چیئرمین نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا اور ان کے بہتر علاج معالجے کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔
یادرہےکہ گزشتہ رات کراچی کے علاقہ میں منی ٹرک پر دستی بم حملے میں 13افراد جاں بحق ہو گئے تھے اور مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ واقعہ میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سردار محمد صالح بھوتانی اور ایم این اے محمد اسلم بھوتانی سے تعزیت کا اظہار کیا ہے، پی پی پی چیئرمین نے سردار محمد صالح بھوتانی اور محمد اسلم بھوتانی سے ان کی والدہ کے انتقال پر بھی تعزیت و دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو کا اپنے تعزیتی پیغام میں کہنا تھا کہ مائیں اور بزرگ سب کے سانجھے ہوتے ہیں، آپ کی والدہ کی رحلت کی خبر باعثِ صدمہ ہے، دعاگو ہوں، اللہ تعالی مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔