لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ امریکی شکست افغان عوام اور عالم اسلام کی کامیابی ہے، امید ہے کہ امریکہ افغانستان سے نکلنے کے بعد اب کسی بھی ملک پر چڑھائی نہیں کرے گا۔
منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ اب تک طالبان نے جو اعلانات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں، طالبان کامخالفین سے انتقام نہ لینا ، سفارتکاروں اور غیر ملکیوں کو تحفظ اور عام معافی دینے کے اعلان کی موجودہ دنیا میں مثال نہیں ملتی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ افغان عوام نے ہمیشہ بڑی طاقتوں کو شکست دی ہے، ان میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ خود اپنے ملک کے مسائل کو بہتر انداز میں حل کر سکتے ہیں، افغانستان میں تیسری بار عالمی قوتوں کی شکست نے کشمیر و فلسطین کی آزادی کے خواب کو مزید تقویت دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی جیلو اور اسپتالوں میں وی آئی پی کلچر کا غلبہ ہے، ملک میں عدالتیں موجود ہیں لیکن غریب کو انصاف نہیں ملتا، پی ٹی آئی کے سونامی کے ذریعے عوام کے حصے میں صرف ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی آئی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی اللہ سے بے خوفی دنیا میں بے انصافی ، بے رحمی ، خیانت کاری ساری اخلاقی برائیوں کی جڑ ہے،عوام جماعت اسلامی کو ووٹ کے ذریعے اپنے اختیارات دیں تاکہ قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے بعد ان کے حقوق ان کے گھروں کی دہلیز پر پہنچیں۔