محرم الحرام ،سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات مکمل کرلیے، ایس ایس پی سکھر

181

سکھر( نمائندہ جسارت) محرم الحرام کے حوالے سے تمام تر سیکورٹی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ یہ بات ایس ایس پی سکھرعرفان علی سموںنے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ ارسلان اسلام شیخ ،ڈی سی سکھر جاوید احمد کے ہمراہ پرانا سکھر جلوس کے پرمٹ ہولڈر مسرور شاہ کی رہائش گاہ پر مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سکھر ضلع بھر میں 145 ماتمی جلوس 1288 مجالس عزا منعقد ہونگی جبکہ 3500 سے زاید پولیس کے جوان اور افسران سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے، ماتمی جلوسوں ،مجالس عزا اور محرم الحرام کے انتظامات کی مانیٹرنگ کے لیے ڈی سی اورایس ایس پی آفس میں کنٹرول روم قائم کردیے گئے ہیں ،ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم میں سیپکو سمیت تمام اداروں کے اہلکار 24 گھنٹے موجود رہیں گے،پرانا سکھر میں 5 ، پنوعاقل میں 7،سکھر میں 10 محرم اور روہڑی میں 8 سے 10 محرم تک اہم ماتمی جلوس نکلیں گے،سکھر ،پرانا سکھر ،روہڑی اور پنوعاقل کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ پرانا سکھر ماتم کی مانیٹرنگ کیلیے 40 سے زاید کیمرے نصب کرکے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔