لاہور (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی خود مختاری کے ذریعے معاشی قوت بنانا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے ‘ اس کے ذریعے ہی ہم جدید، اسلامی، جمہوری، فلاحی اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرسکتے ہیں‘ غیروں کا دست نگر رہنا پاکستان کے لیے عظیم قربانیاں دینے والے شہدا اور بانیان پاکستان کے روبرو ہمیں جوابدہ بناتا ہے‘ خودمختار پاکستان ہی آزادی جموں وکشمیر کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہباز شریف نے ہفتے کو ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شہباز شریف کا 74 ویں یوم آزادی پر قوم کو مبارک دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارے سر رب کعبہ کے حضور سربسجود ہیں جس نے ہم پر عظیم احسان فرمایا اور آزادی و الگ وطن کی نعمت سے سرفراز فرمایا‘ ہم عہد کرتے ہیں کہ قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کا مشن پورا کرکے رہیں گے‘ مسلم لیگ(ن) تحریک پاکستان کے جذبے سے تعمیر پاکستان کی منزل حاصل کرنے کی جدوجہد کرے گی۔ شہباز شریف نے کہا کہ بھائی چارے، رواداری اور تحمل مزاجی کو اپنا کر قوم کو یکجا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے‘ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی ذاتی انا اور عناد سے بالا تر ہوکر فیصلے کرنا ہوں گے‘ شاعر مشرق علامہ اقبال نے جو خواب دیکھا اس کی تعبیر کے لیے مسلمانان ہند نے قائد اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں بھرپور جدوجہد کے نتیجے میں تاریخ رقم کی۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی سیکرٹریٹ میں یوم آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ شہبازشریف نے پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں ملکی امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔