آزادانہ ووٹ اور انتخابات میں رکاوٹ بننے والوں سے مزاحمت کا عزم کیا جائے،بلاول

189

اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کے قیام اور آئین کی پاسداری میں پنہاں ہے‘ 14اگست کو یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ہر ایسی کوشش و سوچ کی مزاحمت کریں گے جو عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنی پسند و ناپسند کا فیصلہ کرنے میں رکاوٹ بنتی ہے۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ میں 74 ویں یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے‘ اِس مملکتِ خداداد کو اس وقت تک کوئی خطرہ نہیں‘جب تک 1973ء کا آئین ہمارا قومی لائحہ عمل ہے‘ آج کا دن ہمارے بزرگوں کی پرامن سیاسی جدوجہد کے بارآور ہونے اور ان کے جمہوریت پسند وژن کی علامت ہے۔ بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں‘ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقا کی سیاسی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے بھارتی مظالم کا سامنا کر رہے ہیں‘ کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کی آزادی تک پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔