آزادی ہاکی کپ، فائنل آج واپڈاورنیشنل بینک کے درمیان کھیلاجائے گا

165

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ ، نیشنل بینک اور واپڈا کی ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہونگیں، سیمی فائنلزمیں نیوی اورپی اے ایف کو شکست، فائنل آج 15 اگست کو شام 4 بجے کھیلاجائیگا، وفاقی وزیرکھیل برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا ایونٹ کی مہمان خصوصی ہونگیں۔ماڑی پیٹرولیم اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے زیراہتمام پی ایچ ایف کی زیرنگرانی ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ 2021 کا فائنل آج 15 اگست شام 4 بجے آرمی ہیریٹیج فاونڈیشن کے زیرانتظام ماڑی ہاکی اسٹیڈیم ایوب پارک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ گزشتہ روز کھیلے گئے سیمی فائنلز میں پاکستان واپڈا اور نیشنل بینک کی ٹیموں نے اپنی حریف ٹیموں کو شکست دیکر فائنل میں جگہ بنا لی۔ پہلا سیمی فائنل پاکستان واپڈا اور پاکستان ایئر فورس کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا جوکہ پاکستان واپڈا نے یکطرفہ مقابلہ میں 0-5 گول سے جیت لیا۔ پاکستان واپڈا نے میچ کے آغاز میں ہی کھیل پر اپنی گرفت جما لی اور ائر فورس ٹیم کو اپنی تجربہ کاری سے مات دی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن رینکنگ میں نمبر ایک ٹیم نے رینکنگ کی نمبر 6 ٹیم ایئرفورس کو ایک بڑے مارجن سے شکست دیکر فائنل میں قدم رکھا۔ واپڈا کی جانب سے علیم عثمان نے دو گول، علی عزیز، مبشر علی، اعجاز احمد نے ایک ایک گول کیا۔ واپڈا کے علیم عثمان مین آف میچ قرار پائے جسکو مین آف میچ ایوارڈ مہمان خصوصی لیفٹینٹ جنرل مسعود اسلم نے دیا. سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف آصف باجوہ نے معزز مہمان خصوصی کو سووینیئر پیش کیا ۔دوسرا سیمی فائنل پاکستان نیوی اور نیشنل بینک کے مابین کھیلا گیا جوکہ مقررہ وقت تک 1-1 گول سے برابر رہا۔ پینلٹی شوٹ آؤٹس مرحلہ میں نیشنل بینک نے نیوی کو 1-3 گول سے شکست دیکر فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ نیشنل بینک کا مجموعی اسکور 2-4 گول رہا۔ نیوی کی جانب سے میچ کے32ویں منٹ میں محمد صابر نے گول اسکور کیا جبکہ نیشنل بینک کی جانب سے کھیل کے 47ویں منٹ میں معین شکیل نے گول اسکور کرکے نیوی کی برتری کا خاتمہ کیا۔ پینلٹی شوٹ آوٹس مرحلہ میں ننشنل بینک کی جانب سے ارسلان قادر،شان ارشاد اور محمد دلبر گول اسکور کرنے میں کامیاب جبکہ کپتان ابوبکر اور احمد ندیم گول اسکور نہ کرسکے۔ نیوی ہاکی ٹیم پینلٹی شوٹ آؤٹس مرحلہ میں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی اور نیوی کے محمد صابر ہی گول اسکور کرپائے جبکہ عیسی خان، حماد علی، محسن صابر اور خالد علی نے پینلٹی شوٹ آؤٹس ضائع کردیں۔