اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے یوم آزادی پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور پوری دنیا میں مقیم پاکستانیوں کو یوم آزادی پر مبارکباد دیتا ہوں 75 واں یوم آزادی مناتے ہوئے بابائے قوم اورقیام پاکستان کی جدوجہد کرنے والی نسلوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، ان لاکھوں مسلمانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قیام پاکستان کے لیے ہجرت کی اور عظیم قربانیاں دیں، بھارت میں رہ جانے والے مسلمانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن سے آج دوسرے درجے کے شہری کا سلوک رواہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح کے اصولوں اور علامہ اقبال کے ایک جمہوری، متحمل اور ترقی یافتہ ملک کے خواب کی تکمیل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلیے بھرپور کاوشیں کرنے پر پاکستانی قوم لائق تحسین ہے۔ 90 لاکھ سے زائد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی وطن عزیز کے لیے کاوشوں کو بھی سراہتے ہیں۔بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دوسرے ممالک اورمعاشروں میں اپنی ہمت وہنر سے مقام پیدا کیا اور پاکستان کانام روشن کیا ہمیں اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے جو ہماری آبادی کا 60 فیصد سے زائد ہیں ترقی پذیر ممالک میں پاکستان نے ماحولیاتی تغیر کے مسئلے سے نمٹنے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان نے کورونا وبا سے نمٹنے میں ترقی پذیر ممالک سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔