پاکستان زندہ باد رہے گا،قوم اسلامی نظام نافز کرنے کا عہد کرے،سراج الحق

233
لاہور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق منصورہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے قوم کو75ویں یومِ آزادی پر خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وطن عزیز بہت جلد وہ مقصد حاصل کرلے گا جس کی خاطر اس خطے کے مسلمانوں نے قائداعظم ؒ کی سربراہی میں عظیم جدوجہد کرتے ہوئے آزادی حاصل کی تھی۔ پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا اور اسے اسلام کی تجربہ گاہ بننا تھا۔ پاکستان زندہ باد رہے گا ، عوام کو آزادی کے موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ ملک کو قرآن و سنت کا گہوار بنائیں گے، 7 دہائیوں سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باوجود اس خطے کے مسلمان قرآن وسنت کے نظام سے محروم ہیں۔ سیکولرازم کو ایک خاص ایجنڈے کے تحت پروان چڑھایا جارہا ہے۔ گھریلو تشدد کے بل سے لے کریکساں نصاب کے نفاذ تک اس طرح کی قانونی سازی کی جارہی ہے جو ملک کی نظریاتی اساس، خاندانی نظام اور اسلامی ثقافت و تہذیب پر حملوں کے مترادف ہے۔ ملک کی تینوں بڑی سیاسی جماعتیں اسلام کے بجائے مغربی ایجنڈے کو پروان چڑھا نے میں مصروف ہیں۔ پی ٹی آئی ہو یا پی ڈی ایم دونوں کا مقصد اپنے مفادات کے تحفظ کی جنگ ہے۔ پی ٹی آئی نے ملک کو مدینے کی ریاست بنانے کا وعدہ کیا مگر سارا زور ان اصولوں سے انحراف پر ہے جو اسلامی ریاست کے استحکام کا سبب بنیں۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کی سیاست و دعوت کا مقصد قوم کو اس عظیم نظام سے روشناس کرانا ہے جو محمد عربی ؐنے14 صدیاں قبل انسانیت کو دیا۔ وہ منصورہ میں پرچم کشائی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید پراچہ ،شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی محمد اصغر، صدر علماومشائخ کونسل میاں مقصود احمد، امیر لاہورذکراللہ مجاہد بھی ان کے ساتھ تھے۔ امیر جماعت نے سبز ہلالی پرچم جماعت اسلامی کے اراکین و کارکنان کی بڑی تعداد کی موجودگی میں فضا میں بلند کیا اور وطن عزیز کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے اس موقع پرکشمیر، فلسطین کی آزادی، افغانستان میں امن و استحکام اور اتحاد امت مسلمہ کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ عوام کو آزادی کے موقع پر عہد کرنا چاہیے کہ ملک کو قرآن و سنت کا گہوارہ بنائیں گے اور اسٹیٹس کو فورسز سے پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے نجات حاصل کریں گے۔ جماعت اسلامی، اسلامی انقلاب کا نعرہ لے کر آئندہ الیکشن میں اترے گی ، قوم ساتھ دے۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کی طرح پی ٹی آئی نے بھی عوام کے ارمانوں کا خون کیا۔ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے اور بے پناہ قدرتی خزانوں اور ہیومن کیپٹل کے باوجود بیروزگاری، غربت ، مہنگائی کا گڑھ ہے۔ پی ٹی آئی نے ماضی کے حکمرانوں کی طرح حکومت سنبھالنے کے بعد ملکی استحکام کے لیے رتی برابر کام نہیں کیا۔ گزشتہ 3 برس میں مہنگائی میں 100 گنا اضافہ ہوا، لاکھوں لوگ بے روزگار ہوئے ،3 کروڑ بچے غربت کی وجہ سے اسکول نہیں جاتے، لوگوں کو پینے تک کا صاف پانی میسر نہیں۔ حکومتی ادارے کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق ملک کے بڑے چھوٹے شہروں کا 50 فیصد سے لے کر100 فیصد تک پانی پینے کے قابل نہیں۔ ملک میں ہرسال لاکھوں اموات اور بیماریاں صرف آلودہ پانی کے استعمال کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ اسپتالوں اور صحت کے انفرااسٹرکچر کی حالت سب کے سامنے ہے۔ خارجہ پالیسی ناکامیوں کا تسلسل ہے۔ پی ٹی آئی بتائے اس نے عوام کی فلاح کے لیے اب تک کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو اب و ڈیروں ، جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے مزید دھوکے میں نہیں آنا چاہیے۔ سب آزمائے جاچکے ہیں۔ میری قوم سے اپیل ہے کہ اس ملک کی قسمت سنوارنے کے لیے اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ ہمیں آزادی کے دن یہ عہد کرنا ہوگا اس ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا اپنا حصہ ضرور ڈالیں گے۔ پاکستان زندہ باد۔