پاکستان کے مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کے قیام اور آئین کی پاسداری میں پنہاں ہے، بلاول

507

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش تمام مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کے قیام اور آئین کی پاسداری میں پنہاں ہے، آج یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم ہر ایسی کوشش و سوچ کی مزاحمت کریں گے، جو عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنی پسند و ناپسند کا فیصلہ کرنے میں رکاوٹ بنتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق  بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں 75ویں جشنِ یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو جشنِ یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کا مستقبل روشن ہے،  اِس مملکتِ خداداد کو اس وقت تک کوئی خطرہ نہیں، جب تک 1973 کا آئین ہمارا قومی لائحہ عمل ہے۔

شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ  آج کا دن ہمارے بزرگوں کی پرامن سیاسی جدوجہد کے بارآور ہونے اور ان کے جمہوریت پسند ویژن کی علامت ہے، آج ان عوامل پر غور کرنے کی اشد ضرورت ہے کہ 75 سالوں کے بعد بھی عوام بنیادی سہولیات اور یکساں حقوق سے محروم کیوں ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ عوام کیوں عدم انصاف اور غربت جیسی بیماریوں میں جکڑے ہوئے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اس سوچ اور نظریئے کا تسلسل ہے، جس کی بنیاد پر ہمارے بانی اجداد نے یہ عظیم ملک قائم کیا تھا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ  پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو صحیح معنوں میں جدید، ترقی پسند اور متحرک جمہوری ریاست بنانے کے لیئے سرگرمِ عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم محمد  علی جناح اور ان کے رفقا کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور ان کے رفقا کی سیاسی جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ  شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک کو حقیقی معنی میں ایک جمہوری و مساوت پر مبنی ملک بنانے کے لیے جدوجہد کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی یہ جدوجہد قائداعظم کی جمہوریت پسند و آئین پسند سوچ و فکر کی عکاس تھی، قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹونے اس کاز کی خاطر اپنی جانیں بھی قربان کردیں،  اپنی پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک میں ہر قسم کے تعصب، دہشت گردی اور انتھاپسندی کے لیے زمین تنگ کردیں گے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ جشنِ یوم آزادی کے موقعے پر مجھے اپنے کشمیری بھائی و بہنیں بھی یاد آرہے ہیں،  وہ کشمیری جو اپنے حقِ خودارادیت کے لی اس بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، انسانی تاریخ جس پر ہمیشہ شرمندہ رہے گی۔

 بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی مرضی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیر کی آزادی تک پاکستان پیپلز پارٹی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔