اسلام آباد میں صفائی کا فقدان‘ ٹھیکیداری نظام ختم کرنے کا مطالبہ

115

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) مر کزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودھری اور جماعت اسلامی اہل کتاب ونگ کے صدر جمیل کھو کھر نے سی ڈی اے کے ڈی جی سینی ٹیشن سرور سندھو سے ملاقات کی اور اسلام آباد میں صفائی کی ابتر صورتحال،گندگی و کوڑے کے ڈھیروں کے خاتمے، سیوریجا کے سسٹم کی درستی اور سینٹری ورکرز کے تحفظ اور دیگر مسائل سے اہیں آگاہ کیا۔ محمد کاشف چودھری نے کہا کہ شہر میں صفائی کے نظام میں بہتری کے لیے صفائی کے پرائیویٹ ٹھیکیداری نظام کو ختم کیا جا ئے اور ٹھیکیداری نظام کے پرانے سینٹری ورکرز کو باقاعدہ سی ڈی اے میں ملازمت فر اہم کی جا ئے، جبکہ تمام پرانے ورکرز کی نوکریوں کو تحفظ دینے، فوت شدگان کے بچوں کو ریگولر کرنے اور تمام سینٹری ورکرز کو وزیراعظم کے نئے اعلان کے مطابق 17 ہزار کی جگہ 20 ہزار 500 ماہانہ تنخواہ دی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر میں سیوریج ٹرینٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کے ساتھ صفائی کے لیے جدید مشینری،سڑکیں دھونے والی گاڑیاں،کوڑا اٹھانے کے جدید ٹرک،گلیوں و مارکیٹوں میں کوڑے دان نصب کیے جا ئیں۔ اس موقع پر ڈی جی سینی ٹیشن سرور سندھو نے کہا کہ اسلام آباد میں صفائی کے پرائیویٹ ٹھیکیداری نظام کو ختم کر دیا گیا ہے،اب سی ڈی اے کا سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ تمام ورکرز کو خود تنخواہیں ادا کرے گا۔ ٹھیکیداروں کے ساتھ کام کرنے والے تمام پرانے سینٹری ورکرز کو باقاعدہ سی ڈی اے کا ملازم بنانے کے لیے سمری سی ڈی اے بورڈ کے پاس بھیجی جا رہی ہے،جس کے بعد تمام ورکرز کو میرٹ پر بھرتی کیا جائے گا۔