سرگودھا (این این آئی) سرگودھا شہر میں دن دہاڑے ڈکیتی کی وارداتوں میں مزاحمت پر دکاندار کو گولی مار کر فرار ہونے والے مسلح ڈاکوئوں کی گاڑی پولیس تعاقب پر الٹ جانے پر پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو مارا گیا جس کے ساتھیوں کی تلاش میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے پولیس نے لاش اسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کردی۔ ذرائع کے مطابق گاڑی میں سوار چار مسلح ڈاکوئوں نے دن دہاڑے چونگی نمبر 9 کے قریب واقعہ دکان میں گھس کر لاکھوں روپے کی نقدی و موبائل فون چھین لیے اور مزاحمت پر دکاندار یوسف کو گولی مار کر شدید زخمی کردیا، جس کے بعد گل والا کے قریب ایک نجی اسپتال کے کائونٹر پر کیش و موبائل فون چھین لیا، جن کے بھلوال روڈ کی طرف فرار ہونے پر پولیس پارٹی نے تعاقب کیا تو 33 پھاٹک کے قریب ڈاکوؤں کی گاڑی الٹ گئی، انہوں نے قریب ہی چھپ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، مقابلے کے نتیجے میں ایک ڈاکو مارا گیا، جس کے ساتھیوں کے فرار پر پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش اسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ جاں بحق ڈاکو کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی جو جرائم پیشہ اور پنجاب کے مختلف اضلاع کی پولیس کو مطلوب بتایا جارہا ہے جبکہ ڈاکوؤں کے زیر استعمال الٹنے والی گاڑی بھی وارداتوں کے دوران چھینی گئی تھی۔