کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے تحت جشن آزادی ہاکی فیسٹیول کا انعقاد

252

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ہاکی ایسوسی ایشن یوم آزادی شایان شان طریقے سے منائے گی ، قومی دن کی خوشیاں قومی کھیل کے ساتھ منانے کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئی ہیں،جشن آزادی ہاکی فیسٹول کے دوران چار میچز شیڈول ہیں، یوم آزادی کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر پہلی بار دو عظیم کپتانوں اولمپیئن اصلاح الدین اور اولمپیئن سمیع اللہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے یوم آزادی کی پلاٹینم جوبلی کے موقع پر قومی دن کو قومی کھیل کے ساتھ شایان شان طریقے سے منانے کا اعلان کردیا ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر اور کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین کا کہنا ہے کہ جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے اور تحریک آزادی کے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے دو عظیم کپتان اور قومی ہیروز اولمپیئن اصلاح الدین اور اولمپیئن سمیع اللہ کی ٹیمیں پہلی بار آمنے سامنے ہونگی جبکہ دونوں سابق کپتان مہمان خاص کی حیثیت سے میدان میں موجود ہونگے، فیسٹول میچز کے مہمان خاص حکومت سندھ کے سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز سید امتیاز علی شاہ ہونگے، صبح کے اوقات میں ربانی ہاکی کلب کا مقابلہ گلبرک ہاکی کلب سے ہوگا، دوپہر میں بلدیہ ہاکی کلب کا مقابلہ بلدیہ ایگل ہاکی کلب سے ویمنز اور انڈر 15 کے درمیان بھی میچز کھیلے جائیں گے۔