لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ پون صدی کا پاکستان اب تک اس منزلِ مقصود تک نہیں پہنچ سکا جس کے حصول کے لیے کروڑوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں۔ قوم انگریزوں کے بعد ان کے ایجنٹوں کی غلامی میں ہے۔ عدلیہ آزاد ہے نہ میڈیا۔ ملک میں آج تک حقیقی جمہوریت کا تصور پختہ نہیں ہو سکا۔ ملک کی نظریاتی اساس پر حملے ہوتے ہیں۔ آدھا پاکستان گنوا چکے، بچے کھچے کی معیشت تباہ حال اور ادارے زوال کا شکار ہیں۔ ملک کی شہ رگ کشمیر دشمن کے قبضے میں ہے۔ قوم کو جاگیرداروں، وڈیروں، سرمایہ داروں اور مافیاز کے راج سے جان چھڑانے کے لیے حتمی جدوجہد کا آغاز کرنا ہو گا۔ عوام اب مزید ظلم اور ناانصافی برداشت نہیں کریں گے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم عوام کے لیے نہیںاپنے مفادات کے لیے لڑ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کسی کا حصہ نہیں، ہماری جدوجہد اسلامی انقلاب کے لیے ہے۔ حکومت نے نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا، مگر پہلے سے برسر روزگار بھی بے روزگار کر دیے۔ ملک کے لاکھوں بے روزگار نوجوانوں کو اسلام آباد لے کر جائیں گے تاکہ حکمران خود ان کے نعرے سن سکیں۔ یوتھ پاکستان کی حقیقی تعبیر کے لیے کرپٹ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ یوتھ ایٹم بم سے بڑی قوت، ملک کو ناقابل تسخیر بنا سکتے ہیں۔ کوئی شک نہیں پاکستان کا قیام مسلمانانِ برصغیر کے لیے اللہ تعالیٰ کا عظیم تحفہ تھا۔ اس نعمت کی حفاظت کے لیے ہمیں یک جان ہونا پڑے گا۔ آئیے سودی معیشت کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ آئیے ملک میں نظامِ مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے عملی جدوجہد کا آغاز کریں۔ آئیے کرپٹ عناصر کے خلاف جہاد کریں۔ آئیے وطن عزیز کو محبت اور امن کا گہوارہ بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے حیات آباد پشاور میں یومِ آزادی کے حوالے سے نکالی گئی عظیم الشان ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے قومی اور جماعت اسلامی کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔ انھوں نے ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے حق میں اور مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے اور امیر جماعت سے عہد کیا کہ وہ ملک کو حقیقی معنوںمیں اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے شروع کی گئی جماعت اسلامی کی تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔امیر جماعت اسلامی منصورہ میں خطبہ جمعہ دے کر پشاور کے لیے روانہ ہوئے اور رات گئے شرکا آزادی مارچ سے خطاب کیا۔ دیگر مقررین میں نائب امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مولانا اسماعیل، امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن، صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل، صدر جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا صدیق پراچہ شامل تھے۔ جمعے کی رات پشاور میں آزادی ریلی خیبر پختونخوا جے آئی یوتھ کے زیراہتمام ’’کاروانِ انقلاب روڈ کارواں‘‘ پروگرام کے اختتام پر نکالی گئی ۔اس پروگرام کے تحت جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا نے صوبے بھر میں نوجوانوں کو منظم کیا اور تمام بڑے شہروں میں ریلیوںکا انعقاد کیا۔ امیر جماعت نے جے آئی یوتھ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پروگراموں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں شرکت یہ واضح کرتی ہے کہ یوتھ ملک میں اسلامی انقلاب کے لیے پرعزم ہے۔منصورہ میں خطبہ جمعہ میںامیرجماعت نے افغانستان میں اسلامی طاقتوں کی فتح پر انھیں مبارک باد دی اور افغانستان میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی۔ انھوں نے کہا افغانستان میں امن کے قیام سے پاکستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہو گا۔ انھوں نے اپیل کی کہ محرم کے موقع پراہل اسلام بھرپور مذہبی ہم آہنگی کا ثبوت دیں۔ دشمنانِ اسلام امت کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں اور پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہونے کے ناطے ان کا خصوصی ٹارگٹ ہے۔ موجودہ حکمرانوں سے کوئی توقع نہیں کہ ملک کو بھنور سے نکالیں گے، ذمے داری عوام پرہے کہ وہ ایسی قیادت منتخب کریں جو پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر ڈالنے کا فریضہ حقیقی معنوں میں انجام دے سکیں۔ انھوں نے کہا کہ عوا م آئندہ الیکشن میں اسٹیٹس کو طاقتوں کو گھر کا راستہ دکھائیں اور جماعت اسلامی کو خدمت کا موقع دیں۔امیر جماعت نے کہا کہ میری قوم سے اپیل ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر پوری دنیا کے مسلمانوں اور خصوصی طورپر فلسطین، برما اور کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کریں۔ ان اسلامیانِ برصغیر کے لیے دعا کریں جنھوں نے 14اگست 1947ء کو ہجرت کے موقع پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ میری قوم سے یہ بھی اپیل ہے کو متحد ہو کر پاکستان کو عظیم فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کا آغاز کریں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔