الیکڑک بس نے سہراب گوٹھ سے ٹاور اپنی آزمائشی سروس بند کردی ہے

746

کراچی(رپورٹ:منیرعقیل انصاری) کراچی میں متعارف کرائی جانے والی پاکستا ن کی پہلی الیکڑک بس نے سہراب گوٹھ سے ٹاور اپنی آزمائشی سروس بند کردی ہے کل 14 اگست بروز ہفتہ سے یہ الیکڑک بس ملیر کینٹ کے روٹ پر آزمائشی بنیاد پر چلائی جائے گی اس حوالے سے ایک تقریب کل سہراب گوٹھ کراچی بس ٹرمینل میں منعقد ہوگی۔

سیفائر گروپ کے پراجیکٹ ٹیکنکل ہیڈ (آپریشنز)احمد بلال نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیفائر گروپ کی جانب سے چلائی جانے والے الیکٹرک بس سرو س کو آج سے ملیر کینٹ کے روٹ پر چلایا جائے گا۔

اس کے بعد اس بس کو شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ اور صنعتی علاقوں کے روٹ پر چلائے گے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس 31 مارچ 2021 سے سہراب گوٹھ سے ٹاور آزمائشی بنیا د پر چلا رہے تھے لیکن اب ہم نے اس روٹ پر اپنی بس سروس بند کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سفائر گروپ کی بس مکمل طور پر الیکٹرک بس ہے۔ اس سال کے آخر تک الیکٹرک بسوں کی تعداد 100 تک ہوجائے گی اور ہر ماہ بسوں کی تعداد میں اضافہ کر تے جائینگے۔

انہوں نے کہا کہ بس کا کراچی کے مختلف روٹس پر60 دن کا ٹرائل رکھا گیا ہے تاکہ دیکھا جائے کے بس میں سفر کے دوران کن مشکلات کرنا پڑ رہا ہے۔ کراچی میں الیکڑ ک بسوں کو فیصل موورز آپریٹ کر ے گی اور اس کے آن لائن ٹکٹ کا پورا سسٹم دوسری کمپنی کے پاس ہوگا۔

بسیں پبلک پارٹنر شپ کے تحت چلائی جائے گی۔بس میں پان، چھالیہ، نسوار کھانا اور سگریٹ پینا سختی سے منع ہے، بس کی نگرانی کے لئے سی سی ٹی وی کیمرہ اور بس کی ٹریکنگ کا مکمل نظام بھی بنایا گیا ہے۔

مسافروں کی خدمت کے لیے چار ملازمین بھی موجود ہوتے ہیں، ہرے رنگ کی اس بس کے آٹو میٹک دروازوں اور الیکٹرونک ٹکٹنگ کا نظام موجود ہے۔بس ایئر کنڈیشنڈ ہونے کے ساتھ اس کا کرایہ بھی بہت مناسب ہے۔ صاف ستھرا ماحول آرام دہ نشستیں، شائستہ اور مہذب عملہ بس کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر سفر کریگا۔

بس میں سفر کرنے والے مسافروں سے الیکٹرونک طریقے سے کرایہ وصول کیا جائے گا خواتین اور مرد الگ الگ آٹومیٹک دروازے کے ذریعے بس میں داخل ہوسکتے ہیں۔چھ ٹائروں پر مشتمل اس بس کو روزانہ پانچ گھنٹے چارج کیا جائے گا۔ایک دفع چارج کرنے پر بس 250 کلومیٹر کا سفر طے کرسکتی ہے۔

الیکٹرک پاور بس کا کم سے کم کرایہ دس روپے جبکہ چار روپے فی کلو میٹر مقرر کیا گیا ہے۔ بس میں 35 سیٹیں موجود ہیں۔ جن میں سے دو معذور افراد کے لئے مختص ہیں،جبکہ مزید 37 افراد کھڑے ہو کر بھی سفر کر سکتے ہیں۔

الیکڑ ک بس کے حوالے سے فیصل موورزکے ڈائر یکٹر خان عبد الرب نے جسارت سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سیفائر گروپ نے کراچی کے لیے الیکڑک بسیں خریدنی پھر ہی ہم اسکو کراچی کے مختلف روٹس پر چلائے گے ابھی کراچی میں صرف ایک الیکڑک بس آزمائشی بنیا د پر چلائی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیصل موور جسطرح پاکستان کے دیگر شہروں میں لوگوں کو اپنی ٹرانسپورٹ کی بہتر سروس فراہم کررہا ہے اسی طرح جلد ہی کراچی کے لوگوں کے لیے بھی سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔