اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چینی سفیر نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، سی پیک، کورونا ویکسین سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی سفیر نے وزیراعظم کو چینی صدر اور وزیراعظم کی جانب سے یوم آزادی پر مبارکباد دی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کورونا وبا کے دوران چینی تعاون اور ویکسین کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین آئرن برادرز ہیں، دشمن قوتوں کو پاک چین تعلقات کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، سی پیک خطے میں تبدیلی کیلئے بہترین منصوبہ ہے، پاکستان اور چین سی پیک کی بروقت تکمیل کےلیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
ملاقات میں خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان تنازع کا فوجی حل نہیں ہے، پاکستان افغانستان تنازع کا حل سیاسی مذاکرات سے چاہتا ہے۔