کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے محرم الحرام کے دوران ایک ماہ کیلئے صوبےبھر کے 10 حساس اضلاع میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری سمیت دیگر پابندیاں عائد کردیں ہیں جبکہ جلوسوں کے راستے پر بھیک مانگنے پر بھی پابندی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نےمحرم الحرام میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ سمیت صوبے کے 10 اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔
اعلامیے کے مطابق ان اضلاع میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اسلحہ کی نمائش ، پوسٹر لگانے اور وال چاکنگ کرنے پر بھی پابندی عائد ہوگی جبکہ کوئٹہ سمیت صوبے کے حساس اضلاع میں موبائل فون سروس 7، 9 اور 10 محرم کو بند رہے گی۔
محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ واضح رہے آتش بیاں مقررین، ذاکرین اور علما کے کوئٹہ میں داخلے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ مجالس اور جلوسوں کے راستے پر بھیک مانگنے اور مکانات کرائے پر دینے پر بھی پابندی ہوگی۔