اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیئرپرسن قومی کمیشن برائے خواتین کے تقرر سے متعلق کیس نمٹا دیا۔ بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ کیا حکومت کی جانب سے چیئر پرسن کی تعیناتی کردی گئی ہے، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے منظوری دیدی ہے، نیلوفر بختیار کو 3 سال کے لیے قومی کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن لگایا گیا ہے۔ اس دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ معاملہ غیر موثر ہو گیا ہے۔عدالت عظمی نے چیئر پرسن قومی کمیشن برائے خواتین کی تقرری سے متعلق کیس نمٹا دیا۔