ایرانی صدر نے کابینہ کی فہرست ایوان میں پیش کردی

139

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اپنی نئی کابینہ کی فہرست منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کردی۔ انہوں نے کابینہ میں بعض نئے چہرے متعارف کرائے ہیں۔ البتہ ان کے نامزد بیشتر وزرا ماضی کی حکومتوں کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ابراہیم رئیسی جون میں ایران کے آٹھویں صدر منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے گزشتہ ہفتے پارلیمان میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ ایرانی قانون کے تحت صدر کے نامزد وزرا کی پارلیمان سے منظوری ضروری ہے۔ توقع ہے کہ پارلیمان نامزد وزرا کی منظوری دے دے گی، کیوں کہ وہ نظریاتی طور پر نئے صدر سے ہم آہنگ ہے۔ نامزد وزرا میں سینئر سفارت کار حسین امیر عبداللہیان بھی شامل ہیں۔ وہ ایرانی سپاہِ پاسداران انقلاب کے قریب سمجھتے جاتے ہیں۔ انہیں جواد ظریف کی جگہ وزارت خارجہ کاقلم دان سونپا جائے گا۔ احمد وحیدی ان کی کابینہ میں وزیرداخلہ ہوں گے۔ احمد وحیدی سابق وزیردفاع ہیں اور وہ سپاہ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک کارروائیوں کی ذمے دار القدس فورس کے سربراہ بھی رہ چکے ہیں۔ اسماعیل خطیب کو نئی کابینہ میں سراغ رسانی کا وزیر نامزد کیا گیا ہے۔ وہ عدلیہ کے انٹیلی جنس یونٹ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔