چاہتے ہیں امن اور انسانیت کی مدد کا پیغام دنیا میں پھیلے، بلاول

148

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی و مذہبی تنظیمیں ملک اور عوام کے لیے کام کرتی ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ اسلام کا پرامن اور انسانیت کی مدد کا پیغام پوری دنیا میں پھیلے۔ان کیاخیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کوکراچی میں دعوت اسلامی کی فیضان گلوبل ریلیف فائونڈیشن کے تحت 14 اگست تک مون سون سیزن کے دوران ”پودا لگائیں، درخت بنائیں”کی مہم کا باقاعدہ افتتاح کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول زرداری نے دعوت اسلامی کے فلاحی شعبے کے تحت ملک گیر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔اس موقع پروزیراعلیٰ سند سید مراد علی شاہ ، ایڈمنسٹریٹرکراچی مرتضیٰ وہاب دعوت اسلامی کی شوری کے رکن مولانا امین عطاری اورصوبائی وزرادیگربھی موجود تھے۔ بلاول نے کہا کہ کراچی سے درخت لگانے کی مہم شروع کرنے پر شکرگزار ہوں اور ملک بھر میں آپ کا یہ نیک کام جاری ہے اور جہاں بھی آپ کا اس طرح کا کام چل رہا ہے ہم ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ چاہے 2005 ء کا زلزلہ ہو یا کورونا وائرس کی وبا کے دوران غریب لوگوں کو راشن پہنچانا تھا اور جب بھی لوگوں کو ضرورت پڑی ہے دعوت اسلامی موجود رہی ہے، آپ کے ان کاموں پر ہم اور پورا پاکستان آپ کا شکرگزار بھی ہے اور سلام پیش کرتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ جو غیر سیاسی تنظیمیں ہوتی ہیں وہ ہمارے ملک، معاشرے اور ہمارے عوام کے لیے کام کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو ہمارے ملک یا ہمارے مذہب کے بارے میں ایک غلط رنگ میڈیا اور دنیا کے میڈیا میں پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ہم اپنی محنت اور کردار سے سب کو غلط ثابت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 11اگست پاکستان میں اقلیتوں کا دن ہے، اسلام واحد مذہب ہے جو یقینی بناتا ہے کہ ساری اقلیتوں کا تحفظ کیا جائے،۔تقریب میں بتایا گیا کہ دعوت اسلامی کے تحت ملک بھر میں 20 لاکھ پودے لگانے کی مہم کے تحت صرف کراچی کے باغ ابن قاسم میں 7ہزار پودے لگائے جائیں گیا۔