لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ سینٹرل جیل میں قیدیوں نے 5 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا، انتظامیہ معمول کی طرح قیدیوں کے سامنے بے بس، قیدیوں نے ویڈیو بنا کر جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ سینٹرل جیل میں قیدیوں نے 5 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینٹرل جیل میں مبینہ طور پر قیدیوں کے ساتھ انتظامیہ کی جانب سے زیادتیوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی جیل کے گیٹ پر ان کے ساتھی قیدی کی والدہ کو مبینہ طور پر نہ صرف ملاقات کرنے سے روکا بلکہ پولیس اہلکار نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔ دوسری جانب قیدیوں کی جانب سے جاری کر یرغمال پولیس اہلکاروں کی ویڈیو میں جیل پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں باعزت طریقے سے رکھا گیا ہے، کھانا پینا بھی دیا جارہا ہے اور کوئی تکلیف نہیں دی جارہی تاہم جیل انتظامیہ سے اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ سہیل ابڑو کا کہنا ہے کہ قیدیوں نے 4 نہیں 8 پولیس اہلکاروں کو یرغمال کیا ہے 5 کی ویڈیو جاری کی ہے جبکہ 5 کو تشدد کا نشانا بنایا ہے، یرغمال اہلکاروں کو قیدیوں سے چھڑوانے کی حکمت عملی بنا رہے ہیں تاہم لاڑکانہ جیل میں پولیس اہلکاروں کا قیدیوں کے ہاتھوں یرغمال ہونا معمول بن چکا ہے آئے روز قیدی کبھی جیل میں آگ لگا کر، تو کبھی اہلکاروں کو یرغمال بنا کر اپنے مطالبات منواتے ہیں جبکہ انتظامیہ سے بات چیت کیلیے مختلف قوموں کے سرداروں کی مداخلت پر زور دیا جاتا ہے جس پر متعلقہ سردار جیل پہنچ کر تصفیہ کرواتے ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل میں منشیات اور موبائل فونز کا استعمال اور شراب نوشی معمول ہے چند روز قبل بھی قیدی کو بھیجے گئے دودھ کے پیکٹوں سے ہیروئن برآمد کی گئی تھی جس میں جیل پولیس اہلکار بھی مبینہ طور پر ملوث تھا۔