بھارتی وزیر داخلہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ در اندازی کے ثبوت دے،شیخ رشید

169

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر داخلہ نے جو بیان دیا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں دہشت گرد بھیج رہے ہیں یہ سب جھوٹ ہے اور یہ ان کا غیر ذمہ دارانہ بیان ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ ہمارے لیے مشرق اور مغرب دونوں طرف مسائل کھڑے کرنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں۔ ساری فینسنگ ہوئی ہے اس لیے مقبوضہ کشمیر میں کسی دہشت گرد کے جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور اگر بھارتی وزیرداخلہ کے پاس کوئی ثبوت ہے تو ہ پیش کرے۔گذشتہ روز نورمقدم قتل کیس میں ملزم اس کے والد اور اس کی والدہ کو بھی ای سی ایل میں ڈال دیا گیا۔ ان خیالات کااظہار شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجھے وقت ملا تو چاروں صوبوں میں جائوں گا اور ہماری پوری کوشش ہو گی کہ محرم الحرام میں سکیورٹی کو دیکھا جائے اور تمام چیف سیکرٹریز کو پہلے ہی میں ہدایت کرچکا ہوں اور تمام آئی جیز کو بھی کہہ چکا ہوں کہ ہمیں عزاداروں کے جلوسوں کو فول پروف سکیورٹی دینی ہے، ہم نے فاٹا میں 10محرم تک تھری جی اور فور جی فون کی بندش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے عقیدے کو چھیڑیں گے نہیں اور اپنے عقیدے کو چھوڑیں گے نہیں ۔ ملک کے حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہر مسلمان اپنی قومی ذمہ داری کا ثبوت دے اور اس ملک کی سلامتی کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں بھارتی وزیر داخلہ کو بیان دینے سے تو نہیں روک سکتا تاہم ہماری تمام ہمدردیاں مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہیں لیکن پاکستان کی طرف سے کوئی دخل اندازی نہیں ہورہی، یہ جو کچھ انہوں نے بیان دیا ہے وہ سراسر غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سرحدوں سے کوئی نقصان نہیں پہنچ سکتا، دشمن ملک کو اندر سے نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔