سرمایہ دارانہ نظام نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا،سراج الحق

391

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہناہے کہ سرمایہ دارانہ نظام اور اس کے پیروکار وں نے معیشت اور اداروں کا بیڑہ غرق کردیا، پہلے کہاتھا حکومت بجٹ ٹارگٹس غریبوں کا خون نچوڑ کر پورے کرے گی ۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کی پھر تیاری ہورہی ہے۔

منصورہ میں  کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن کے نامزد امیدواروں سے ملاقات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ  حکمرانوں اور عوام کے مفادات میں واضح ٹکراﺅ ہے،  واضح کر دینا چاہتاہوں عالمی مالیاتی اداروں کے اشاروں پر ایسے ہی سرنڈر ہوتارہا تو خدانخواستہ ملک مکمل ڈیفالٹ کر سکتاہے ۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  قوم کے پاس واحد راستہ سرمایہ داروں ، مافیاز اور وڈیروں سے نجات ہے ، جمہوری اور پرامن جدوجہد کرناہوگی،  عوام نے باقی پارٹیوں کو آزما لیا اب جماعت اسلامی پر اعتماد کریں ۔

سراج الحق نے مزید کہا کہ  ہمیں خدمت کا موقع ملا تو عمر فاروق ؓ کا نظام لائیں گے ، جہاں حکمرانوں کو اپنے اثاثوں سے متعلق عوام کو جواب دہ ہونا پڑے گا، لوگ محرم الحرام کے دوران مذہبی رواداری کا بھر پور مظاہرہ کریں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ فرقہ واریت کی لعنت سے چھٹکارا حاصل کرناہوگا، اسلام دشمن طاقتیں امت میں فساد پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہیں، ہمیں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کی ضرورت ہے ، محبت اور یگانگی کو فروغ دیں ۔