ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی) ڈیرہ درابن روڈ پر کلاچی موڑ کے قریب نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ، 3 کسٹم اہلکار جاں بحق ہوگئے، دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب، ڈی پی او ڈیرہ کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ریسکیو 1122 کی ایمبولینسوں نے جاں بحق اہلکاروں کی میتوں کو اسپتال منتقل کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعے میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار نامعلوم دہشت گردوں نے ڈیرہ درابن روڈ پر کلاچی موڑ کے قریب پاکستان کسٹم کی موبائل ٹیم پر اس وقت فائرنگ کردی جب کسٹم اہلکار معمول کے گشت پر تھے۔ دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں کسٹم اہلکار فاروق جان ولد سخی جان سکنہ شادی خیل ضلع ٹانک اور فہد بشیر ولد بصیر الدین سکنہ کرک موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ وقاص خان نامی اہلکار شدید زخمی ہوگیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کی اطلاع پر ڈی پی او ڈیرہ کیپٹن (ر) نجم الحسنین لیاقت کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا، جبکہ ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیم نے جاں بحق اہلکاروں کی میتوں کو سول اسپتال ڈیرہ منتقل کردیا۔