پیپلزپارٹی سے خوفزدہ اتحاد ریت کی دیوار ثابت ہوگا،بلاول

121

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان یا تحریک انصاف کے دیگر رہنما سندھ میں آئیں جلسے کریں، لیکن یاد رکھیں سندھ نہیں اب تو پورے ملک کی عوام انہیں جان چکے ہیں، آئندہ انتخاب میں عوام دشمن ناکام حکمرانوں کو عوام مسترد کردیں گے۔ گزشتہ روزپیپلزپارٹی سکھر کے رہنما سابق میئر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے بلاول زرداری نے کہا کہ مخالفین پیپلز پارٹی سے خوفزدہ ہیں ہمارے مخالف اتحاد بنائے جارہے ہیں تاکہ پیپلز پارٹی کا مقابلہ کرسکیں ماضی میں بھی مخالف اتحاد ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں اور آنے والے بلدیاتی انتخابات ہوں یا عام انتخابات عوام پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرا کر یہ ثابت کردیں گے کہ پیپلزپارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مخالف اتحادوں سے گھبرانے والی نہیں ہے ہمارے سب سے بڑے اتحادی عوام ہیں عوام کے ووٹ کی طاقت سے اقتدار میں آئیں گے پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت اور منتخب نمائندوں پر بھاری ذمے داری عاید ہوتی ہے کہ وہ اس مہنگائی، بے روزگاری اور مشکلات میں گھرے عوام کا بھرپور ساتھ دیں سکھرسمیت پورا پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے۔ بلاول زرداری نے کہا کہ آج عوام موجودہ ناکام حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے مایوس ہو کر پیپلزپارٹی کی جانب دیکھ رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے کہ پیپلزپارٹی ہی عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرتی ہے، پیپلز پارٹی کے ذمے داران عوامی رابطہ مہم تیز کردیں۔اس موقع پر سابق میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے بلاول زرداری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی کی جانب سے معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ کے اہم عہدے پر فائز کرنا میرے لیے باعث فخر ہے، پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور میں بطور معاون خصوصی پارٹی مشن کو آگے بڑھائوں گا۔