دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام میں انسانی حقوق کے نگراں ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ شمال مشرقی شام میں موجود ایرانی پاسداران انقلاب کی ملیشیا نے اسرائیلی یا بین الاقوامی اتحاد کی جانب سے بم باری کے اندیشے کے سبب اپنی تیاری کر لی ہے۔ اس سلسلے میں فضائی دفاعی نظام کو دیر الزور کے دیہی علاقے میں منتقل کیا گیا ہے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کے مطابق دیر الزور کے مشرق میں المیادین شہر کے اطراف ایرانی پاسداران انقلاب مکمل طور پر چوکنا ہے۔ اس دوران میں 20 سے زیادہ عسکری گاڑیوں کو شہر کے اطراف منتقل کیا گیا ہے۔ ان گاڑیوں پر طیارہ شکن بھاری بندوقیں نصب ہیں۔ پاسداران نے چند روز قبل المیادین کے اطراف مزارع کے علاقے میں متحرک فضائی دفاعی نظام تعینات کیا تھا۔ اس پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل موجود ہیں۔ شامی مبصر نے گزشتہ اتوار کے روز فرات کے مغربی علاقے سے بتایا تھا کہ ایرانی پاسداران انقلاب ملیشیا نے مزارع کے علاقے میں طیاروں کا پتا لگانے والا ریڈار نصب کیا۔ یہ علاقہ شامی اراضی پر ایران کا سب سے بڑا ٹھکانہ یا کالونی شمار ہوتی ہے۔