اسلام آباد (آن لائن) گھریلو تشدد کے خاتمے کے بل کے حوالے سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن متحرک ہوگئے ہیں اور ان دنوں کراچی کے دورے کے دوران وہ مختلف مذہبی طبقات کی شخصیات سے ملاقات کر رہے ہیں تاکہ اس بل کے خلاف مذہبی طبقے کو ایک پیج پر لایا جاسکے۔ ذرائع کے مطابق دورہ کراچی میں مولانا فضل الرحمن نے جامعہ بنوری ٹائون کے مہتمم مولانا سلمان بنوری سے ملاقات کی اور ان سے اس بل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہا کہ یہ بل اسلامی اور معاشرتی اقدار سے مطابقت نہیں رکھتا اس پر سب کو ایک زبان ہونا ہوگا، بعدازاں انہوں نے جے یو پی کے سربراہ شاہ اویس نورانی سے بھی ملاقات کی۔ شاہ اویس نورانی اور مولانا سلمان بنوری کی جانب سے بل کی مخالفت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ گھریلو تشدد بل سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوگا اور گھروں میں مسائل پیدا ہوں گے، مولانا فضل الرحمن کی جانب سے دیگر مذہبی شخصیات سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔