الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی خفیہ ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں‘ مریم اورنگزیب

86

لاہور(صباح نیوز)ن لیگی کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کے الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے معائنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہاہے کہ الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی ٹیسٹنگ میں پارلیمان اور اپوزیشن کی رائے شامل نہیں، الیکٹرونک ووٹنگ مشین کی خفیہ ٹیسٹنگ مسترد کرتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان مشینوں کے معائنے چھوڑیں، ووٹ چوری اور فراڈ ختم کرنے والی بات کریں،کپتان کو یقین ہو چکا کہ انہیں ووٹ مشین کی دھاندلی سے ہی مل سکتا ہے، پوری دنیا میں فیل ہونے والا نظام آپ کے کمرے میں ٹیسٹ ہونے سے پاس نہیں ہوجائے گا۔ انتخابی عملے کو اغوا کرنے والے، ووٹ کے تھیلے چرانے والے اب مشینوں کے معائنے کا ڈراما کر رہے ہیں، کیا الیکٹرونک ووٹنگ مشین ریٹرننگ افسران کے اغوا کی سوچ روک سکتی ہے؟مریم اورنگزیب نے کہا کہ انتخابی نتائج کے اعلان میں تاخیر کی کیا وجوہات ہیں، وہ قوم کو بتائیں، ڈرامے نہ کریں،2018 ءمیں آر ٹی ایس بٹھا کر مسلط ہونے والے کپتان کو الیکٹرونک مشینیں ہی ووٹ دیں گی، عوام کا آٹا، چینی، دوائی، بجلی گیس چوری کرنے والوں کو پاکستان کے عوام ووٹ نہیں دیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی ناقدین، آزاد میڈیا کا گلا دبا کر عمران خان شفاف انتخاب کا فراڈ کرنے جارہے ہیں، عمران خان کو عوام کی رائے پر اعتماد ہوتا تو مشین کے پیچھے نہ چھپتے۔