گوادر ،نیشنل پارٹی کا 17 اگست کو پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

161

گوادر (نمائندہ جسارت) چینی فشنگ ٹرالرز کی صوبائی حدود کی خلاف ورزی نہ کرنے کے متعلق حکومتی رپورٹ گمراہ کن ہے، رپورٹ مسترد کرتے ہیں۔ 17 اگست کو گوادر شہر میں مکمل پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی، نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کا پریس کانفرنس میں اعلان۔ گوادر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر فیض نگوری، صوبائی ورکنگ کمیٹی کے ممبر آدم قادر بخش اور تحصیل صدر ناگمان بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی جانب سے بلوچستان کے ساحل پر چینی فشنگ ٹرالرز کی جانب سے مچھلیوں کے غیر قانونی شکار کیخلاف احتجاجی تحریک اور سینیٹ میں بھرپور احتجاج کے بعد چائنیز ٹرالرنگ کی صوبائی سمندری کی خلاف ورزی پر وفاقی حکومت تحقیقاتی کمیٹی قائم کرنے پر مجبور ہوئی لیکن تحقیقاتی کمیٹی نے جو رپورٹ پیش کی وہ ناقابل یقین اور ناقابل اعتبار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی ٹرالرز جو ضلع گوادر کی سمندری حدود میں موجود ہیں وہاں ان کی جانچ کے دوران ایسے ٹھوس شواہد ملے ہیں کہ جس سے یہ یقین کیا جاسکتا ہے کہ چینی ٹرالرز صوبائی سمندری حدود کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے چینی ٹرالرز پر موجود شکار کی گئی مچھلیوں کی اقسام اور جال کے ٹکڑوں کی تصاویر دکھاتے ہوئے بتایا کہ یہ وہ مچھلیاں ہیں جو بارہ ناٹیکل میل کے اندر شکار کی جاتی ہیں، ان کا ڈیپ سی سے کوئی تعلق نہیں۔ جال کی باقیات وہی ہیں جن کا استعمال مقامی ماہی گیر ہی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شواہد اور ثبوت کافی ہیں کہ چینی ٹرالرز نے کھلم کھلا صوبائی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی ہے اور ممنوعہ جالوں کا بھی استعمال کیا ہے لیکن جو رپورٹ پیش کی گئی ہے وہ اس کے برعکس اور غیر ملکی فشنگ ٹرالرز کو کلین چٹ دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے ساحل پر غیر ملکی یا ملکی غیر قانونی ٹرالرنگ کو کسی بھی صورت قبول نہیں کرتی۔ مذکورہ تحقیقاتی رپورٹ سے یہ گمان حقیقت میں بدل گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے غیر ملکی فشنگ ٹرالرز کو بلوچستان کے ساحل پر شکار کے لائسنس جاری کیے جس کو حالیہ رپورٹ کی آڑ میں چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ساحل کی نگہبان جماعت ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے مقامی ماہی گیروں کے روزگار پر قدغن لگانے کی ہر کوشش اور منصوبے کیخلاف نیشنل پارٹی سیاسی اور جمہوری انداز میں مزاحمت کرتی رہے گی تاوقتیکہ کہ حکومت ماہی گیر دشمن پالیسیوں کو ترک نہیں کرتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چینی ٹرالرز کی جانب سے صوبائی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی پاداش میں فشریز آرڈیننس بلوچستان کے تحت قانونی کارروائی کی جائے اور شکار کی گئی تمام مچھلیاں نیلام کی جائیں بصورت دیگر نیشنل پارٹی اپنے آئندہ لائحہ عمل کے تحت 12 اگست کو پمفلٹ تقسیم کرے گی، 17 اگست کو شٹر ڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال کی کال دیں گے۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء رفیق جمعہ، مجید عبداللہ، تحصیل جنرل سیکرٹری ولید مجید اور خازن سید گوادری بھی موجود تھے۔