محرم الحرام کے جلوسوںمیں ایس او پیز کا خیال رکھا جائے،کمشنر بینظیر آباد

122

نواب شاہ (نمائندہ جسارت) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محسن علی شاہ کی زیر صدارت ڈویژن میں محرم الحرام کے حوالے سے سیکورٹی سمیت دیگر ضروری انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس ڈی سی آفس شہید بینظیرآباد کے دربار ہال میں منعقد ہوا، اجلاس میں ڈی آئی جی عرفان علی بلوچ، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابرار احمد جعفر، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمران الحسن خواجہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم،ایس ایس پی شہید بینظیرآباد کیپٹن (ر) امیرسعود مگسی،ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، حیسکو، سیپکو، صحت، تعلیم،میونسپل سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ مذہبی جماعتوں کے سربراہان، علماءکرام اور ضلع امن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر سید محسن علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ،مجالس و ماتمی جلوسوں میں شرکت کرنے والے افراد ماسک لازمی استعمال کریں اور سماجی دوری کو بھی یقینی بنائیں۔ بغیر پرمٹ کے ماتمی جلوس اور مجالس منعقد کرنے اور نفرت انگیز تقاریر اور مواد بیچنے پر پابندی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔ڈی آئی جی عرفان علی بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مجالس اور ماتمی جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران امن امان قائم رکھنے اور ماتمی جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے پلان ترتیب دیا گیا ہے۔