لاڑکانہ ،شیخ زید چلڈرن اسپتال کی تیسری منزل میں آگ لگ گئی

273

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شیخ زید چلڈرن اسپتال کی تیسری منزل پر واقع وارڈ میں مبینہ طور پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگ گئی جس کے باعث وارڈ میں موجود بیڈز، ٹیبل، کرسیاں اور قیمتی فرنیچر جھلس کر خاکستر ہوگیا ۔اطلاع پر فائر بریگیڈ عملے نے پہنچ کر آگ پر قابو پالیا تاہم آگ کے شعلوں کو دیکھ پر والدین اور لواحقین نے داخل مریض بچوں کو اپنی مدد آپ کے تحت وارڈز سے نکال کر اسپتال کے پارک میں پہنچا کر پناہ لی جبکہ ڈاکٹروں اور عملہ بھی فوری طور پر خود کو آگ سے بچاکر اسپتال سے نکل گئے جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہ ہوا۔اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ احمد علی سومرو نے پہنچ کر واقعے کے متعلق تفصیلات لیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد علی سومرو کا کہنا تھا کہ اسپتال کی تیسری منزل پر واقع وارڈ کے اوپر سے بجلی کی تاروں کا گزر ہے ابتدائی تفتیش میں پتا چلا کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے تاہم واقعے کی تحقیققات کی جائے گی تاکہ اصل حقائق کو سامنے لایا جاسکے۔دوسری جانب آگ لگنے کے باعث اسپتال کی بجلی کئی گھنٹوں تک معطل رہی جبکہ بجلی کے تاروں کی مرمت کے بعد اسپتال کی بجلی بحال کردی گئی۔