راولپنڈی ( اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق اور سیکرٹری جنرل امیر العظیم آج جمعہ سے راولپنڈی کا 3 روزہ دورہ کر رہے ہیں۔ ان کے دورے کا ابتدائی پروگرام فجر کی نماز کے بعد سے شروع ہوجائے گا۔ جماعت اسلامی راولپنڈی کے نائب امیر رضا احمد شاہ کی رہائش گاہ پر ناشتے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بعد ازاں ظہرانے میں مقامی ایوان صنعت و
تجارت کے نمائندے اور عہدیدار شریک ہوں گے، جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خطاب کریں گے۔ ظہرانے میں جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم بھی شریک ہوں گے۔ جماعت اسلامی راولپنڈی کے امیر سید عارف شیرازی کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اوردیگر مرکزی قائدین کا 3 روزہ دورہ 8اگست تک جاری رہے گا۔ اس دوران مختلف پروگرام ہوں گے، جن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سید عارف شیرازی نے کہا 6تا8اگست دورے میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کے ہمراہ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب امرا لیاقت بلوچ، پروفیسر محمد ابراہیم خان، میاں محمد اسلم، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، وقاص انجم جعفری، حافظ ساجد انور، بختیار معانی، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم،جنرل سیکرٹری اقبال خان، نائب امرا ڈاکٹر مبشر احمد صدیقی، قاضی محمد جمیل اور دیگر عہدیداران بھی ہوں گے۔ مرکزی قائدین راولپنڈی شہر اور کینٹ کے علاوہ ٹیکسلا،واہ،تحصیل راولپنڈی،دولتالہ، گوجر خان،کلر سیدان،کہوٹہ،کوٹلی ستیان اور مری میں بھی مختلف پروگراموں میں شر یک ہوں گے اور خطاب بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی، قومی و سیاسی کنونشن کے موقع پر متعدد، دینی و سیاسی اور سماجی شخصیات جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان بھی کریں گی۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق اور دیگر قائدین اپنے اس دورے کے دوران ورکرز کنونشن، خواتین کنونشن، یوتھ کنونشن، تعلیمی کنونشن، پختون جرگہ،میڈیا اور سوشل میڈیا کنونشن کے علاوہ تاجروں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق مرکزی جامع مسجد گلزار قا ئد میں جمعہ کے اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔