اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کے لیے سول آرمڈ فورسز تعینات کی جائیں گی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی سربراہی میں اجلاس ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے غور کیا گیا، اجلاس میں وفاقی حکومت ، پنجاب، بلوچستان ، جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں، حساس علاقوں کی سیکورٹی کیلیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، وفاقی حکومت امن وامان کے حوالے سے تمام وسائل مہیا اور سہولیات فراہم کرے گی، امن و امان کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلیے صوبائی دارالحکومتوں کا دورہ بھی کریں گے۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ حساس علاقوں کی سیکورٹی کیلیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے، امن وامان برقرار رکھنے اور انتظامیہ کی مدد کیلیے سول آرمڈ فورسز تعینات کی جائیں گی۔