کشمیریوں کی عظیم ترین قربانیاں آزادی کی ضمانت ہے، شہباز شریف

89

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019ء کے غیرقانونی بھارتی اقدامات کو 2 سال ہوگئے، عالمی برادری اور ادارے بھارت کو اس کے ظلم اور قانون شکنی پر کٹہرے میں کھڑا کریں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا، ظلم وستم کی انتہاکردی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مودی نے بہادر کشمیریوں پر نفسیاتی دباؤ پیدا کیا لیکن وہ کشمیریوں کا آہنی عزم متزلزل نہیں کرسکا، نہ ہی کر سکے گا، اہل پاکستان کشمیر کاز پر مظلوم کشمیریوں کی امنگوں اور مفادات کی ترجمانی کرتے رہیں گے۔ 5 اگست 2019ء کے بعد بھارتی مظالم میں بے پناہ اضافہ ہوا، ماورائے عدالت شہادتیں کئی گنا بڑھ گئیں، کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں، سیاسی قیادت پابند سلاسل ہے، ستم ظریفی ہے کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، عالمی قانون کی خلاف ورزیوں کا بڑا مجرم بھارت ہی اس وقت سلامتی کونسل کی صدارت کررہا ہے اور ستم بالائے ستم یہ کہ اگست کے مہینے میں بھارت اس ادارے کا صدر ہے جس کی قراردادوں کی خلاف ورزیوںکا وہ خود مجرم ہے۔ غیرقانونی بھارتی اقدامات اقوام متحدہ، سلامتی کونسل، عالمی برادری کیلیے سوالیہ نشان ہے۔