لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر ابراہیم رئیسی کے منصبِ صدارت سنبھالنے پر مبارک باد کا پیغام ارسال کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ان کے دورِ صدارت میں ایران اور ایرانی عوام تعمیر و ترقی کی کئی منزلیں طے کریں گے۔ابراہیم رئیسی کے نام اپنے خط میں انھوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان عرصۂ دراز سے برادرانہ رشتے میں منسلک ہیں۔ انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ عالم اسلام میں قائدانہ کردار اور درپیش چیلنج کا مقابلہ کرنے میں دونوں ممالک کی حکومتیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔سراج الحق نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ ابراہیم رئیسی کے دورصدارت میں دونوں ممالک دیرپا تجارتی و سفارتی اور معاشرتی تعلقات کو فروغ دے سکیں گے۔