راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی سے واپس لینے کی منظوری دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اور مانیٹرنگ بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اور مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں مختلف منصوبوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں ملتان وہاڑی روڈ اور فیصل آباد،چنیوٹ، سرگو دھا روڈ کیلئے نظرثانی شدہ پراجیکٹ، لاہور میں واٹر میٹر لگانے کے منصوبے کی نظرثانی شدہ پرپوزل کی منظوری دی گئی۔ کھاریاں ڈنگہ روڈ پراجیکٹ کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پورٹ فولیو سے واپس لینے کے فیصلے کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبوں سے متعلقہ امور کو جلد سے جلد نمٹایا جائے منصوبوں کے لیے ٹائم لائن مقرر کرکے تیزی سے آگے کی جانب بڑھا جائے۔
اجلاس میں مختلف شہرو ں میں سٹیزن سہولت سینٹر کے قیام کا اختیار پی پی پی اے کو دینے کی منظوری دی گئی ۔ متعلقہ شہروں میں شہری سہولت سینٹر قیام کے منصوبے کو پی سی ون موڈ میں شروع کیا جائے گا۔ ان شہروں میں لودھراں، چکوال، سیالکوٹ اور رحیم یار خان میں شامل ہیں۔