حکومت قرض پر قرض لے کر مہنگائی بڑھاتی جارہی ہے،شہباز شریف

216

لاہور (نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہاہے کہ حکومت کو متنبہ کرتا ہوں کہ عوام پر مہنگائی کا مزید بوجھ لادنے کے بجائے کم کرے ،آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کے لیے بجلی، گیس، اشیائے خورونوش مزید مہنگی کرنے کا ظلم نہ کیاجائے۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ تعجب اس بات پر ہے کہ حکومت قرض پر قرض لیتی جارہی ہے اور مہنگائی بھی بڑھاتی جارہی ہے ۔عوام اور عالمی مالیاتی اداروں سے جمع ہونے والا یہ سب پیسا آخر جاکہاں رہا ہے؟ خرچ کہاں ہورہا ہے؟،آٹا چینی، دال گھی، دوائی بجلی سب کچھ مہنگاترین ہوگیا لیکن پھر بھی حکومت کا رونا دھونا جاری ہے ۔کورونا بھی جاری ہے اور حکومت کا رونا دھونا بھی جاری ہے ۔ ملک میں آئندہ ایک سے تین ماہ میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے والا ہے ۔انہوںنے کہاکہ کرنٹ اکائونٹ سرپلس کے حکومتی دعوے دم توڑ گئے ہیں۔رواں مالی سال پہلے ماہ میں ہی تجارتی خسارہ 81.4 فیصد تک بڑھ گیا ہے ۔درآمدات دوگنا بڑھ چکی ہیں، ڈالر کی قیمت اوپر اور روپے کی قدر مسلسل نیچے جا رہی ہے ۔جولائی کے مہینے میں امپورٹ بل 47 فیصد بڑھنا معاشی تباہی کے اشارے ہیں ۔گزشتہ مالی سال کے 3.7 ارب ڈالر کے مقابلے میں گزشتہ ماہ 5.4 ارب ڈالر امپورٹ ہوئیں ۔عوام پر ہر ماہ ، ہر ہفتے مہنگائی کی قیامت ڈھانے والے مزید اور کتنا ظلم کرنا چاہتے ہیں۔ظلم کے اس نظام کے خلاف عوام کا لاوہ پک رہا ہے، پھٹا تو کوئی نہیں بچے گا۔