پاکستان اور ایران کا 6سرحدی راستے کھولنے پر اتفاق

152

اسلام آباد+تہران (صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ایرانی اسپیکر محمد باغر غالیباف (Mohammad Bagher Ghalibaf) کے درمیان ملاقات میں سرحدی تجارت کے لیے 6 سرحدی راستے کھولنے پر بھی اتفاق کیا گیا جس میں 3 راستے ایک ساتھ کھولے جائیں گے جبکہ باقی 3 تجارتی راستے بعد میں مناسب وقت پر کھولے جائیں گے ۔ ملاقات کے دوران پاک ایران فرینڈشپ گروپ کے ارکان بھی موجود تھے۔ یہاں سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک ایران کے درمیان قریبی تاریخی ، مذہبی ، ثقافتی،اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ مختلف مسائل پر مشترکہ لائحہ عمل پارلیمانی تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے ۔ دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے درمیان تعاون کو سراہا گیا ہے ۔ ایرانی اسپیکر کو پاکستان آنے کی دعوت دی گئی ہے ۔ ملاقات میں افغانستان ، مشرق وسطی اور جے سی پی او اے سمیت علاقائی اور بین الاقوامی مسائل کی وسیع رینج پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کے لیے سرحدی منڈیوں کی تشکیل کو سراہا گیا ہے ۔ ایران سے گوادر ، تربت اور پنجگور اور حال ہی میں مکران ڈویژن کو بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کا مقابلہ کرنے اور علاقائی اور بین الاقوامی امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کے اپنے عزم کا اعا دہ کیا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے ایرانی قیادت کی طرف سے کشمیری عوام کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ نے ایرانی اسپیکر کا بجلی کی بندش سے متعلقہ مسئلے کے حل کی یقین دہانی پر شکریہ بھی اداکیا ۔