لاہور سے لاپتہ چاروں بچیاں ساہیوال سے مل گئیں، سی سی پی او لاہور

480

لاہور کے علاقے ہنجروال سے چار روز قبل لاپتہ ہونے والی چاروں بچیاں ساہیوال سے مل گئیں جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کا معاملہ ہے یا کچھ اور تفتیش جاری ہے۔

لاہور: 4 بچیوں کے لاپتہ ہونے کی اندرونی کہانی

تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ  اطلاع ملتے ہی  اہلکار انہیں لینے کے لیے ساہیوال روانہ ہو گئے  ہیں جبکہ  بچیاں خود اپنی مرضی سے گھرسے گئیں یا اغوا کا معاملہ ہے تحقیقات شروع کردی ہے ، تاہم  گزشتہ روز اغوا کے شبے میں پولیس نے متعدد چھاپے مارے اور گرفتاریاں بھی کی ہیں۔

خیال رہے کہ ہنجروال میں 30 جولائی کی رات ایک ہی گلی کے 2 گھروں سے دو، دو کم عمر بہنیں اچانک لاپتا ہو گئیں تھیں۔ اس ضمن میں ملنے والی ابتدائی اطلاعات کے مطابق چار روز قبل  لڑکیوں کو رکشہ ڈرائیور نے پنڈی اسٹاپ گرین ٹاؤن  اتارا تھا جہاں سے وہ جوہر ٹاؤن گئیں۔

پولیس کے مطابق  لاپتہ ہونے والی چاروں لڑکیوں کی آخری لوکیشن چونگی امرسدھو کی آئی لیکن اس کے بعد لڑکیوں کا فون بند ہو گیاجبکہ جیسے ہی بچیوں میں سے ایک کے پاس موجود موبائل آن ہوا تو پولیس نے لوکیشن کے ذریعے پتہ لگا لیا کہ بچیاں ساہیوال میں ہیں۔

واضح رہے بچیوں کے اغوا پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے تشویش کا اظہار کیا اور معاملے کا فوری نوٹس لیا تھا  اور وزیر اعلیٰ  پنجاب عثمان بزدار کے نوٹس  کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

یاد رہے تھانہ ہنجروال میں درج ایف آئی آر کے مطابق  بچیاں میٹرو ٹرین کی سیرکے لیے گھر سے نکلی تھیں اور پھر واپس نہیں آئیں لیکن جب کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی بچیاں گھر نہ پہنچیں تو گھر والوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جس کے بعد اہل خانہ نے فوری طور پر مقامی پولیس اسٹیشن کو اس بارے میں آگاہ کیا تھا۔

دوسری جانب پولیس کی حالیہ واقعات کے بعد کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق چاروں بچیاں سہانے مستقبل کے لیے گھر چھوڑ کر گئی تھیں، سوتیلی بہنیں کنزیٰ اور انعم اپنے باپ عرفان کے پاس رہتی تھیں اور مقدمے کا مدعی عرفان اپنی دونوں بیویوں کو طلاق دے چکا ہے۔

پولیس کے مطابق کنزیٰ اور انعم اپنے باپ عرفان کی نشے کی عادت کی وجہ سے تنگ تھیں،  دونوں نے پڑوسی اکرم کی بیٹیوں عائشہ اور ثمرین کو ساتھ ملایا، جس کے بعد چاروں بچیوں نےحالات سے دل برداشتہ ہو کر گھر سے بھاگنے کی ٹھانی۔

تفتیش کے مطابق چاروں بچیاں چاہتی تھیں کہ ان کےپاس بہت سا پیسہ آ جائے، چاروں بچیاں ہنجر وال اورنج ٹرین اسٹاپ سے ٹرین میں بیٹھ کر گلشنِ راوی پہنچیں، جہاں عائشہ نے موبائل سے فون کر کے محلے دار عمر کو بلا لیا، عمر پہنچا لیکن معاملے کا سن کر ڈر کر واپس آ گیاجبکہ عمر نے ہنجر وال پہنچ کر بچیوں کے والدین کو بتا دیا کہ وہ بھاگ گئی ہیں۔