ٹوکیو (جسارت نیوز) ٹوکیو اولمپکس 2020 کا رنگا رنگ ایونٹ جاری ہے ، ہاکی کے سیمی فائنل میں بلجیم نے بھارت کو 5-2 سے عبرتناک شکست دی۔ ٹوکیو اولمپکس میں ہاکی کے سیمی فائنل میں بلجیم اور بھارت مد مقابل آئے ،بلجیم نے آغاز سے ہی میچ پر اپنی گرفت رکھی ، بلجیم کے کھلاڑی لیوک لیوپرٹ نے پہلے کوارٹر میں ہی گول کر کے برتری دلا دی مگر بھارت کے ہرمن پریت اور مندیپ سنگھ نے اوپر نیچے2 گول کر کے اپنی ٹیم کاا سکور 2 گول کر دیا۔ دوسرے کوارٹر میں بلجیم کے الیگزینڈر نے پنلٹی کارنر کی مدد سے گول کر کے اسکور 2-2 کر دیا۔ تیسرے کوارٹر میں کوئی گول نہ ہو سکا مگر چوتھے کوارٹر میں ہنڈرکس نے گول کر کے بیلجیئم کو2 کے مقابلے میں 3 سے برتری دلا دی ، کچھ ہی دیر کے بعد ہنڈرکس نے پنلٹی کارنر کی مدد سے گول کر کے اپنی ہیٹ ٹرک کی۔ بلجیم اور آسٹریلیا کی مینز ہاکی ٹیموں کے درمیان ٹوکیو اولمپک گیمزکے مینز ہاکی ایونٹ کا فائنل معرکہ کل ہوگا۔دوسری طرف ٹوکیو اولمپکس میں میڈل ٹیبل پر چین کی برتری برقرار ہے ، امریکا کا دوسرا جبکہ جاپان کا تیسرا نمبر ہے۔تفصیلات کے مطابق خواتین کی لانگ جمپ میں جرمنی نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ خواتین ڈسکس تھرو میں امریکا کی آلمین بازی لے گئیں جبکہ 4 سو میٹر ہرڈل ریس میں ناروے کے کارسٹن کو گولڈ میڈل ملا۔خواتین سائیکلنگ کے ٹیم اسپرنٹ میں چین کا گولڈ میڈل ، 87 کلو گرام ویٹ لفٹنگ میں بھی چینی تن ساز کا پہلا نمبر ، جمناسٹک کے رنگز فائنل میں بھی چینی کھلاڑی بازی لے گیا۔ بیڈمنٹ سنگل میں ڈنمارک نے گولڈ میڈل جیتا ، لانگ جمپ میں یونانی کھلاڑی نے گولڈ میڈل جیتا ، سو میٹر ہرڈل ریس پوئرٹرریکو کی ایتھلیٹ نے جیت لی ، ٹرپل جمپ میں وینزویلا کو گولڈ میڈل مل گیا۔