میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ٹائون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دوروز قبل چاکر خان مری کو قتل کرنے والے چاروں ملزمان جبکہ سی آئی اے پولیس نے شہر میں لوٹ مار کرنے والے گروہ کے چار کارندوں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق 2 دن قبل مقتول چاکر خان مری کو ٹاؤن تھانے کی حدود میں کھان ناکہ پر واقع ایک ہوٹل میں نامعلوم ملزمان نے کلہاڑیوں کے وار کر کے زخمی کر کے فرار ہو گئے تھے جس کا مقدمہ مقتول کے بیٹے جاوید ولد چاکر خان مری کی مدعیت میں داخل کیا گیا۔ایس ایس پی میرپورخاص فیصل بشیر میمن نے نوٹس لیتے ہوئے جائے وقوع کا معائنہ کیا اور ایس ایچ او ذیشان لاشاری کو چاروں ملزمان کے جلد گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔ایس ایچ او ٹائون ذیشان لاشاری اور اے ایس آئی عباس علی عباسی نے دیگر پولیس نفری کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان ولی محمد ولد خمیسو مری ،علی دوست ولد خمیسو مری،سائیں بخش ولد ٹکر خان مری اور محبت ولد جمن خان مری کو ایک خفیہ اطلاع پر ٹنڈو آدم ناکہ میرپورخاص سے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان تھانہ ٹاؤن کے قتل کے مقدمہ میں ٹاؤن پولیس کو مطلوب تھے جبکہ انچارج سی آئی اے پولیس عنایت زرداری، انچارج ڈی آئی بی دانش، تعلقہ پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر عزیز راہموں نے ایک کارروائی کے دوران اسلحے کے زور پر شہریوں کو لوٹنے والے گروہ کے چار کارندے راشد پہنور، آصف لغاری، عمران راجپوت اور دلدار کو گرفتارکرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، موٹر سائیکلیں اور چھینے گئے موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ ملزمان شہر میں مختلف جرائم میں ملوث تھے، ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔