اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات اور سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) اسد عمر نے کہا ہے کہ ایک روز میں 10 لاکھ افراد کی کورونا وبا سے بچائو کی ویکسی نیشن کا ہدف عبور کر لیا۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز 10 لاکھ 72ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی۔ وفاقی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد میں ریکارڈ ویکسی نیشن ہوئی ہے۔ ملک بھر میں گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار 342 افراد نے ویکسین ڈوزز لگوائیں جس کے بعد ویکسین لگوانے والوں کی کل تعداد 3 کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی مہم کا آغاز 6 ماہ قبل فروری سے ہوا تھا، پہلے مرحلے میں ہیلتھ کیئر کے شعبے سے منسلک افراد کو ویکسین لگائی گئی جس کے بعد مرحلہ وار ویکسین لگانے کا عمل شروع ہوا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث مزید 67 افراد انتقال کرگئے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی 50 فیصد آبادی کو ویکسین کی ایک خوراک لگائی جا چکی ہے، پشاور اور راولپنڈی کی 35فیصد، فیصل آباد 28 ، گوجرانوالہ ، سیالکوٹ اور سرگودھا کی 27فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے جبکہ کراچی کی 26 اور حیدرآباد کی 25فیصدآبادی کی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ وفاقی وزیر نے ایک بار پھر سے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کوروناایس اوپیز پر عمل کریں اور جلد از جلد ویکسی نیشن کرائیں۔