عدالت عظمیٰ میں زیرالتوامقدمات کی تعداد52ہزار379ہوگئی

104

اسلام آباد(اے پی پی)عدالت عظمیٰ میں زیرالتوامقدمات کی تعداد52ہزار379ہوگئی۔ منگل کو عدالت عظمیٰ کی جانب سے16سے31 جولائی2021ء تک سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد سمیت تمام رجسٹریوں میں نمٹائے گئے اور زیر التوا مقدمات کی رپورٹ جاری کی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق16سے31جولائی2021ء کے دوران سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد ،کراچی، پشاور ، لاہور اور کوئٹہ رجسٹری میں547نئے مقدمات دائر ہوئے اور مجموعی طور پر 379مقدمات نمٹائے گئے ۔ مذکورہ بالا15روز میں لاہور رجسٹری میں131، کراچی رجسٹری میں 124، پشاور رجسٹری میں36 اور کوئٹہ رجسٹری میں 23 نئے مقدمات دائر ہوئے ۔ اس دوران لاہور رجسٹری میں221، پشاور رجسٹری میں72اور کراچی رجسٹری میں33مقدمات نمٹائے گئے جب کہ کوئٹہ رجسٹری میں کوئی مقدمہ نہیں سنا گیا۔ سپریم کورٹ پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں 16سے 31 جولائی کے دوران233نئے مقدمات دائر ہوئے اور53کیسز کے فیصلے سنائے گئے ،16سے31مئی2021ء تک عدالت عظمیٰ میں زیرالتوا مقدمات کی تعداد میں168مقدمات کا اضافہ ہوا،جس سے عدالت عظمیٰ میں زیر التوا مقدمات کی کل تعداد52ہزار379ہوگئی ہے۔ عدالت عظمیٰ میں29ہزار934فوجداری مقدمات ، ایک ریفرنس اور 25از خود نوٹسز زیر التوا ہیں ۔