لاہور (نمائندہ جسارت) اسپیکر چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ جن بیوروکریٹس نے نذیر چوہان کے پروڈکشن آرڈرز پر عمل درآمد میں رکاوٹ ڈالی اور اس ایوان کے تقدس کو پامال کیا ان کا محاسبہ ہوگا۔ فیاض الحسن چوہان نے بطور وزیر جیل خانہ جات نذیر چوہان کے معاملے پر بر وقت مؤثر کردار ادا کر کے ان کی جان بچائی، میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ اپوزیشن اور حکومت کا شکریہ اداکرتاہوں جنہوں نے نذیر چوہان کے معاملے پر اسٹینڈ لیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسمبلی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ جیسے ہی اجلاس کی کارروائی شروع ہوئی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے اسمبلی کو بتایا کہ انہوں نے اپنی کوششوں سے شہزاد اکبر اور نذیر چوہان کے درمیان صلح کرا دی ہے۔ وزیر جیل خانہ جات نے نذیر چوہان کا اسپیکر کے نام خط بھی ایوان میں پڑھ کر سنایا جس میں انہوں نے اسپیکر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے میرے معاملے پر جو قدم اٹھایا وہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ میں دل کی تکلیف کے باعث کارڈیالوجی اسپتال میں داخل ہوں اس لیے نہیں آسکتا، آپ ا جلاس جاری رکھیں۔